جموں (جموں کشمیر) :جموں کے اکھنور علاقے میں دلدوز بس حادثے کے ایک دن بعد محکمہ ٹرانسپورٹ، جموں و کشمیر نے محکمہ نے ’’کام کے دوران غفلت برتنے‘‘ پر چھ ملازمین کو معطل کر دیا ہے۔ گزشتہ روز پیش آئے اس بس حادثے میں 22 افراد ہلاک اور 64 زخمی ہوئے تھے۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے محکمہ نے سخت کارروائی کی اور یہ فیصلہ عہدیداروں کی ایک میٹنگ کے بعد لیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ کے پرنسپل سیکریٹری چندراکر بھارتی کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطح کی میٹنگ منعقد ہوئی جس کے بعد محکمہ ٹرانسپورٹ کے سیکریٹری نیرج کمار نے معطلی اور تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ حکمنامہ کے مطابق ’’ریجنل ٹرانسپورٹ آفس میں تعینات افسران کو فوری طور پر معطل‘‘ کیا گیا ہے۔ معطل کیے گئے افسران میں رنجیو بھسین (موٹر وہیکل انسپکٹر) سمیت مگوترا (اسسٹنٹ) اور اشونی کمار، امان کمار، کیشوو سنگھ اور راکیش کمار (ایم ٹی ایس) شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی جموں انتظامیہ نے متاثرین کے لواحقین کو معلومات اور مدد فراہم کرنے کے لیے ایک ہیلپ لائن سروس بھی شروع کی ہے۔