سرینگر (جموں و کشمیر) :جموں کشمیر ٹریفک پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق سال 2024 کی پہلی ششماہی میں جموں و کشمیر میں سڑک حادثات میں اضافہ ہوا ہے، سال کے پہلے چھ ماہ میںکل 2,864 حادثات رونما ہوئے جس کے نتیجے میں 417 اموات ہوئیں جبکہ 3,894 افراد زخمی ہو گئے۔ اعداد و شمار کے مطابق صوبہ جموں میں سب سے زیادہ حادثات رونما ہوئے جبکہ ہلاکتیں بھی جموں ڈویژن میں ہی زیادہ ہوئیں ہیں۔
جموں ضلع میں سال کے ابتدائی چھ ماہ میں کل 537 سڑک حادثات ہوئے جن میں 75 افراد ہلاک اور 750 زخمی ہوئے۔ ادھم میں228 حادثات ہوئے جن کے نتیجے میں 47 افراد ہلاک اور 314 زخمی ہوئے۔ اس کے برعکس شوپیاں ضلع میں سب سے کم حادثات رپورٹ ہوئے جن کی مجموعی تعداد 30 ہے اور ان حادثات میں دو افراد ہلاک اور 52 زخمی ہوئے۔ جون میں 546 سڑک حادثات رونما ہوئے جن میں 71 افراد ہلاک اور 805 زخمی ہوئے۔ جنوری میں سب سے کم حادثات ریکارڈ کیے گئے اور کل 398 واقعات کے نتیجے میں 55 افراد ہلاک اور 486 زخمی ہوئے۔
دریں اثناء، حکام نے حساس/ ہائی رسک والے علاقوں کی نشاندہی بھی کی ہے، جن میں جموں ضلع سب سے زیادہ حادثات کے سبب سرفہرست ہے۔ ادھم پور اور کٹھوعہ بھی اہم زونز قرار دیے گئے ہیں جہاں حادثات کی تعداد زیادہ ہے۔ 2023 میں جموں و کشمیر میں 6,298 حادثات ہوئے جن میں 730 مہلک تھے، جس کے نتیجے میں 893 اموات ہوئیں اور 8,469 زخمی ہوئے۔ جموں میں گزشتہ سال سب سے زیادہ حادثات اور اموات ہوئی ہیں جبکہ شوپیاں میں سب سے کم حادثات ہوئے ہیں۔