سرینگر (جموں کشمیر):جموں و کشمیر پولیس نے منگل کی صبح ایک نئے عسکریت پسند گروہ کو ختم کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس گروہ کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ لشکر طیبہ نامی کالعدم عسکری تنظیم سے منسلک ہے اور پاکستانی ہینڈلر کے ذریعے اس گروہ میں یہاں کے نوجوانوں کو عسکریت پسندوں کی صفوں میں میں شامل کر رہا ہے۔
پولیس کی کاؤنٹر انٹیلی جنس ونگ (CIK) نے وادی کشمیر کے چھ اضلاع میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور ’’تحریک لبیک یا مسلم‘‘ (TLM) نامی تنظیم کو بے نقاب کیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق: ’’22 اکتوبر 2024 کی صبح، کاؤنٹر انٹیلی جنس کشمیر (CIK) نے جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع بشمول؛ سرینگر، گاندربل، بانڈی پورہ، کولگام، بڈگام، اننت ناگ اور پلوامہ میں مربوط چھاپے مارے۔‘‘
سرکاری افسران نے بتایا کہ اس کارروائی کے دوران ایک بھرتی نیٹ ورک کا سراغ ملا جو کہ ایک نو ابھرتی ہوئی عسکری تنظیم ’’تحریک لبیک یا مسلم‘‘ (TLM) کے نام سے لانچ کی گئی ہے، جس کو لشکر طیبہ کا زیلی گروہ سمجھا جا رہا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا: ’’اس بھرتی نیٹ ورک کا سربراہ ایک پاکستانی عسکری ہینڈلر بابا حماس بتایا جا رہا ہے۔‘‘ عہدیداروں نے بتایا کہ اس ضمن میں مزید تحقیقات جاری ہے تاکہ اس نیٹ ورک اور اس کی سرگرمیوں کا مکمل پتہ چلایا جا سکے۔