سرینگر:جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کے روز گگن گیر دہشت گردانہ حملے میں ہلاک ہوئے شہریوں کے لواحقین کے لیے فی کنبہ 21 لاکھ روپے مالی امداد فراہم کرنے کا حکم جاری کیا۔ جموں کشمیر انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، منوج سنہا نے محکمہ داخلہ کے پرنسپل سیکریٹری چندرکر بھارتی کو ہدایت دی کہ امدادی رقم جلد از جلد جاری کی جائے۔ اے پی سی او انفراٹیک کمپنی، جو اس امدادی عمل میں شامل ہے، کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ہلاک ہوئے افراد کے خاندانوں کو فوری معاوضہ فراہم کرے۔
جاری کیے گئے حکمنامے کے مطابق، ہلاک ہوئے ہر ایک شہری کے لواحقین کو 6 لاکھ روپے ریاستی ریلیف فنڈ (SRE) سے اور 15 لاکھ روپے اے پی سی او انفراٹیک کی جانب سے دیے جائیں گے۔ جبکہ زخمی شہریوں کو 2 لاکھ روپے کی رقم بطور ایکس گریشیا دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، اے پی سی او (APCO) انفراٹیک اپنی کارپوریٹ پرسنل ایکسیڈنٹ پالیسی کے تحت مزید مالی مدد فراہم کرے گا، جس میں ہلاک ہوئے افراد کے خاندانوں کو پانچ سال کی مجموعی تنخواہ دی جائے گی۔ مزدوروں اور تھرڈ پارٹی ملازمین کو کمپنی کی ورکر کمپنسیشن پالیسی کے تحت بھی معاوضہ دیا جائے گا۔