سرینگر:جموں کشمیر کی نئی منتخب اسمبلی کا پہلا اجلاس 4 نومبر کو منعقد ہوگا۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں کابینہ کے پہلے اجلاس کی سفارش پر اجلاس طلب کرنے کو منظوری دی ہے۔ کابینہ کے اس اجلاس میں 4 نومبر کو اسمبلی کے پہلے اجلاس کے انعقاد کی تجویز پیش کی گئی تھی۔ اس 90 رکنی اسمبلی کا پہلا اجلاس صبح 11:30 بجے شروع ہوگا، جس میں لیفٹیننٹ گورنر ایوان سے خطاب کریں گے۔ ان کے خطاب کا مسودہ کابینہ میں پیش کیا گیا تھا، جس پر مزید غور اور بحث کی جائے گی۔
اس اجلاس میں ایوان اپنا پہلا اسپیکر بھی منتخب کرے گا۔ اس سے قبل رکن اسمبلی مبارک گل کو عبوری اسپیکر مقرر کیا گیا تھا جنہوں نے 21 اکتوبر کو نومنتخب ارکان کو حلف دلایا۔ قوی امکان ہے کہ نیشنل کانفرنس (این سی) کے سینئر رہنما اور سات بار رکن اسمبلی رہ چکے عبدالرحیم راتھر اسپیکر منتخب ہوں گے۔ چرار شریف کے ایم ایل اے عبدالرحیم نے فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ کی حکومتوں میں مالیات کی وزارت سنبھالی تھی۔ 80 سالہ راتھر نے 2002-2008 میں پی ڈی پی-کانگریس حکومت کے دوران حزبِ اختلاف کے رہنما کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں۔