اردو

urdu

ETV Bharat / jammu-and-kashmir

جموں و کشمیر حکومت نے 2025 کے لیے سرکاری تعطیلات کی فہرست جاری کر دی - JK OFFICIAL HOLIDAY LIST FOR 2025

جموں و کشمیر حکومت نے خطے کی ثقافتی، مذہبی اور علاقائی تقاضوں کے پیش نظر مختلف زمروں کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر (File Photo: ETV Bharat)

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Dec 30, 2024, 9:29 AM IST

جموں: جموں و کشمیر انتظامیہ نے کیلنڈر سال 2025 کی تعطیلات کی فہرست کا باضابطہ طور پر اعلان کر دیا ہے۔ 29 دسمبر 2024 کے سرکاری آرڈر نمبر 2193-JK (GAD) کے تحت جاری کردہ نوٹیفکیشن میں تعطیلات کے تفصیلی شیڈول کا خاکہ پیش کیا گیا ہے۔ ان چھٹیوں کو خطے کے ثقافتی، مذہبی اور علاقائی تنوع کے مد نظر عام، صوبائی، مقامی اور محدود تعطیلات میں تقسیم کیا گیا ہے۔

عام تعطیلات (General Holidays)

عام تعطیلات کی فہرست میں اہم قومی اور مذہبی مواقع شامل ہیں۔ یوم جمہوریہ (26 جنوری)، یوم آزادی (15 اگست) اور مہاتما گاندھی کا یوم پیدائش (2 اکتوبر) نمایاں قومی تعطیلات میں شامل ہیں۔ عید الفطر (31 مارچ)، عید الاضحیٰ (7 اور 8 جولائی)، دیوالی (21 اکتوبر) اور کرسمس ڈے (25 دسمبر) جیسی اہم مذہبی تقریبات بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔ دیگر قابل ذکر تعطیلات میں مہاشیو راتری (26 فروری) اور جنم اشٹمی (16 اگست) شامل ہیں۔

جموں و کشمیر میں 2025 کی تعطیلات کی فہرست (ETV Bharat)

صوبائی تعطیلات (Provincial Holidays)

جموں و کشمیر خطے کی عوامی روایات کو زندہ و جاری رکھنے کے لیے انتظامیہ نے مخصوص صوبائی تعطیلات متعارف کرائی ہیں۔ صوبہ کشمیر میں عرس شاہ حمدان صاحب (3 جون) اور میلہ کھیر بھوانی (3 جون) جیسے تہوار شامل ہیں۔ صوبہ جموں میں لوہڑی (13 جنوری)، شری گرو روی داس کی سالگرہ (12 فروری) اور ہولی (14 مارچ) جیسے اہم مواقع کو اس فہرست کی تعطیلات میں شامل کیا گیا ہے۔

جموں و کشمیر میں 2025 کی تعطیلات کی فہرست (ETV Bharat)

مقامی تعطیلات (Local Holidays)

مقامی تعطیلات مخصوص اضلاع کے منفرد ثقافتی واقعات کی عکاسی کرتی ہیں۔ مثال کے طور پر، میلہ باہو قلعہ (ضلع جموں) پانچ اپریل کو منایا جائے گا، جب کہ سرتھل دیوی جی یاترا (ضلع کشتواڑ) دو اور تین جولائی کو منایا جائے گا۔ دیگر ضلع سطح کی تعطیلات میں 10 اپریل کو مہاویر جینتی (ضلع جموں) اور عرس شاہ فرید الدین صاحب (ضلع کشتواڑ) 21 جون کو شامل کیا گیا ہے۔

جموں و کشمیر میں 2025 کی تعطیلات کی فہرست (ETV Bharat)

محدود تعطیلات (Restricted Holidays)

محدود تعطیلات کی فہرست افراد کے لیے اختیاری تعطیلات فراہم کرتی ہے۔ ان میں پرشورام جینتی (29 اپریل)، کبیر جینتی (11 جون)، گرو ارجن دیو جی کا یوم شہادت (16 جون) اور رکھشا بندھن (9 اگست) جیسے مواقع شامل ہیں۔ یہ تعطیلات لوگوں کو ان کی ترجیحات اور روایات کی بنیاد پر جشن منانے میں لچک پیدا کرتی ہیں۔

ان چھٹیوں کے شیڈول میں تمام مسلم تعطیلات قمری تاریخ سے مشروط ہیں، جیسا کہ نوٹیفکیشن میں اشارہ کیا گیا ہے۔ اس میں قمری کیلنڈر کی روایات کے ساتھ ہم آہنگی کو یقینی بنایا جائے گا۔

یہ نوٹیفکیشن حکومت کے ایڈیشنل سکریٹری روہت شرما نے جاری کیا ہے اور اس میں انتظامی دفاتر، تعلیمی اداروں اور عام لوگوں کے لیے وضاحت فراہم کی گئی ہے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details