سرینگر (جموں کشمیر):وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں 20 اکتوبر کو ہوئے عسکری حملے کے کلیدی ملزم کی شناخت محمد رمضان بٹ کے نام سے ہوئی ہے۔ اس حملہ میں ایک ڈاکٹر سمیت کل سات افراد ہلاک ہوئے تھے۔ ایک سرکاری عہدیدار کے مطابق محمد رمضان بٹ ضلع کولگام کے ٹھوکر پورہ سے تعلق رکھتا ہے اور گزشتہ سال سے لاپتہ ہے۔ اس دوران اس کے بارے میں اطلاع ہے کہ وہ عسکری تنظیم لشکر طیبہ کی شاخ’’دی ریزسٹنس فرنٹ (TRF) ‘‘ میں شامل ہو گیا جہاں اسے مختلف حملوں کی تربیت دی گئی۔
سرکاری عہدیدار نے مزید بتایا کہ بٹ کو جائے وقوعہ پر سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا ہے، جس سے اس کا حملے میں ملوث ہونے کا امکان مزید مضبوط ہو گیا۔ حملے کے بعد جموں و کشمیر پولیس نے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (NIA) اور دیگر سکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔ تاہم بٹ کا موجودہ مقام ابھی تک معلوم نہیں ہو سکا۔
حکام کے مطابق تقریباً 50 افراد کو پوچھ گچھ کے لئے حراست میں لیا گیا ہے جس میں سے کئی افراد کا حملہ آور کے ساتھ رابطے ہونے کا شبہ ہے۔ این آئی اے نے اس کیس کی تحقیقات سنبھال لی ہے اور مقامی ایجنسیاں اس میں تعاون کر رہی ہیں۔