اردو

urdu

ETV Bharat / jammu-and-kashmir

جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات: نیشنل کانفرنس نے 18 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی - JK Assembly Election 2024 - JK ASSEMBLY ELECTION 2024

جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے لیے کانگریس اور نیشنل کانفرنس (این سی) کے درمیان اتحاد کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ دونوں جماعتوں نے سیٹ شیئرنگ فارمولے کو بھی حتمی شکل دی ہے۔ جس کے تحت کانگریس 32 سیٹوں پر اور نیشنل کانفرنس 51 سیٹوں پر الیکشن لڑے گی۔ اسی دوران نیشنل کانفرنس نے 18 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی ہے۔

JK Assembly Election 2024
این سی نے امیدواروں کی فہرست (Photo: ANI)

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Aug 27, 2024, 7:28 AM IST

سری نگر: جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے لیے کانگریس اور نیشنل کانفرنس (این سی) کے درمیان سیٹوں کی تقسیم پر ایک معاہدہ طے پایا گیا ہے۔ 90 اسمبلی سیٹوں میں سے کانگریس 32 سیٹوں پر الیکشن لڑے گی جبکہ نیشنل کانفرنس 51 سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔ ساتھ ہی دونوں پارٹیاں 5 سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کریں گی۔ یہ ایک دوستانہ مقابلہ ہوگا۔ جبکہ اتحادیوں کے لیے دو نشستیں چھوڑی گئی ہیں۔

کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے ریاستی کانگریس کے سربراہ طارق حمید قرہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس 51 سیٹوں پر مقابلہ کرے گی، جب کہ کانگریس 32 سیٹوں پر امیدوار کھڑے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 5 نشستوں پر دوستانہ مقابلہ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ ان 88 سیٹوں کے علاوہ، ہم نے سی پی آئی ایم کے لیے 1 سیٹ اور پینتھرس پارٹی کے لیے 1 سیٹ چھوڑی ہے۔

  • ہم نے خوشگوار ماحول میں بات چیت مکمل کی:

اتحاد پر حتمی معاہدے کے بعد فاروق عبداللہ نے کہا کہ آج ہم نے بات چیت مکمل کی ہے اور انتہائی خوشگوار ماحول میں ہم آہنگی بھی کی ہے۔ کانگریس اور نیشنل کانفرنس مل کر الیکشن لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس مل کر ان طاقتوں کے خلاف لڑیں گے جو جموں و کشمیر میں لوگوں کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا اتحاد ملک بھر میں اس لیے بنایا گیا تھا تاکہ ہم ان طاقتوں سے لڑ سکیں جو ملک کو فرقہ وارانہ بنانا چاہتی ہیں۔ اسے تقسیم کرنا اور توڑنا چاہتے ہیں۔

  • نیشنل کانفرنس نے 18 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی:

پیر کی دیر رات نیشنل کانفرنس نے اسمبلی انتخابات کے لیے 18 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی ہے۔ ریٹائرڈ جسٹس حسین مسعودی کو پامپور سے، محمد خلیل بندہ کو پلوامہ سے، عبدالمجید لارمی کو اننت ناگ ویسٹ سے، خالد نجیب سہروردی کو ڈوڈہ سے امیدوار بنایا گیا ہے۔

جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے اعلان کے بعد کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے درمیان اتحاد کے لیے بات چیت جاری تھی۔ حال ہی میں ریاست کے دورے کے دوران کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور راہل گاندھی نے سری نگر میں نیشنل کانفرنس کے سربراہان فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ سے ملاقات کی۔ اس دوران دونوں جماعتوں کے اعلیٰ رہنماؤں کے درمیان اتحاد پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ ملاقات کے بعد جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ نے کانگریس کے ساتھ اتحاد کا اعلان کیا۔

  • جموں و کشمیر میں 10 سال بعد اسمبلی انتخابات:

جموں و کشمیر میں 10 سال بعد اسمبلی انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے یونین ٹیریٹری کی کل 90 اسمبلی سیٹوں کے لیے تین مرحلوں میں انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے۔ پہلے مرحلے کی ووٹنگ 18 ستمبر، دوسرے مرحلے کی 25 ستمبر اور تیسرے اور آخری مرحلے کی ووٹنگ یکم اکتوبر کو ہوگی۔ جموں کشمیر اور ہریانہ کے انتخابی نتائج کا اعلان 4 اکتوبر کو کیا جائے گا۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ جموں و کشمیر میں دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد یہ پہلا الیکشن ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:

جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات: کانگریس نے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی، دیکھیے کس کو کہاں سے ٹکٹ ملا؟

جموں و کشمیر میں این سی، کانگریس کا 85 سیٹوں پر اتحاد، 5 سیٹوں پر ایک دوسرے کے خلاف مقابلہ

بی جے پی نے امیدواروں کی پہلی لسٹ منسوخ کر کے نئی فہرست جاری کی

ABOUT THE AUTHOR

...view details