جموں (جموں کشمیر):پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کو خیرباد کہہ کر پیپلز کانفرنس (پی سی) میں شامل ہوئے سابق راجیہ سبھا ممبر نذیر احمد لاوے نے بی جے پی کے اشاروں پر کام کرنے کے الزامات کی سخت تردید کرتے ہوئے کہا کہ ''ہم پر بی جے پی کا حامی ہونے کے الزامات عائد کرنے والی سیاسی جماعتیں خود بی جے پی کابینہ میں کام کر چکی ہیں۔‘‘ نذیر لاوے نے ان باتوں کا اظہار ای ٹی وی بھارت کے نمائندے محمد اشرف کے ساتھ خصوصی بات چیت کے دوران کیا۔
پیپلز کانفرنس کے نائب صدر اور سابق رکن پارلیمان نذیر احمد لاوے نے دعویٰ کیا کہ ان کی پارٹی کے امیدوار اور پارٹی صدر سجاد غنی لون بارہمولہ نشست کے قوی دعویدار ہے اور وہ یہاں کے لوگوں کی پارلیمنٹ میں بہتر نمائندگی کر پائیں گے۔ انہوں نے کہا: ’’لوگوں کا گزشتہ 70برسوں سے استحصال ہوتا آ رہا ہے، مگر لوگ اب سیاسی طور بالغ ہو چکے اور تبدیلی کے حق میں ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہمیں قوی امید ہے کہ لوگ سجاد غنی لون کو کامیاب بنائیں گے۔‘‘