جموں:دنیا بھر کے ساتھ ساتھ جموں کشمیر میں بھی عالمی یوم قدس پانچ اپریل کو جمعہ کے دن منایا جائے گا۔ اس ضمن میں ای ٹی وی بھارت کے نمائندے محمد اشرف گنائی نے شیعہ لیڈر اور جموں و کشمیر شیعہ فیڈریشن کے صوبائی صدر جموں عاشق حسین خان سے خاص بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان کے آخری جمعہ کے بعنی یوم قدس کے موقعے پر جموں میں ایک پرامن احتجاج کیا جائے گا، جس کا مقصد فلسطین کی عوام سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوم قدس کو حضرت امام خمینی نے سات اگست 1979 میں مظلوموں کے دن کے طور پر منانے اور ظالموں کے خلاف آواز اٹھانے کا اعلان کیا تھا۔ عاشق حسین خان نے کہا کہ ہمارے رہبر سید علی خمینی نے ہر ایک سے اپیل کی کہ وہ فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کے لیے احتجاج کریں اور ظالم کے خلاف یعنی امریکہ اور اسرائیل کے خلاف آواز بلند کریں۔
انہوں نے یوم قدس کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیعہ فیڈریشن جموں نے حسب دستور اس بار بھی امام رضا جامع مسجد بھٹنڈی سے احتجاج نکالے کا فیصلہ کیا جس کے حوالے سے انہوں نے ضلع انتظامیہ سے پرمیشن بھی لے لی ہے۔
یاد رہے کہ ماہ رمضان کو آخری جمعہ کو یوم القدس کے طور پر تمام مسلمان ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر مناتے ہیں، جس میں مسلمانوں کے قبلۂ اول بیت المقدس پر اسرائیل کی جانب سے کیے گئے قبضے کو چھڑانے کے لیے احتجاجی مظاہرے کیے جاتے ہیں۔