سرینگر:جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے وسطی کشمیر کے کنگن، گاندربل علاقے سات عام شہریوں کو قتل کرنے کی مذمت کرتے ہوئے جموں کشمیر پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ حملہ آوروں کو فوری طور پر گرفتار کرکے ان کے خلاف سخت کارروائی انجام دے۔ یاد رہے کہ یہ (عسکری) حملہ اتوار کی شام ہوا تھا، جس میں ایک مقامی ڈاکٹر کے علاوہ چھ غیر مقامی مزدور قتل کیے گئے تھے۔
پیر کے روز پولیس یادگاری تقریب کے موقع پر زیون، سرینگر میں اپنی تقریر کے دوران لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ان واقعات کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’بے گناہ جانوں کا زیاں برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ یہ حملے بلا جواز ہیں، اور قوم کبھی بے گناہوں کا قتل برداشت نہیں کر سکتی۔‘‘ لیفٹیننٹ گورنر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ’’پولیس سے تاکید کی جاتی ہے فوری طور پر ان دہشت گردوں کا پتہ لگا کر انہیں سزا دی جائے۔‘‘
یہ حملہ گاندربل کے گگن گیر علاقے میں اتوار کی شام پیش آیا جس میں نامعلوم بندوق برداروں نے کنسٹرکشن سائٹ پر کام کر رہے مزدوروں پر گولیاں برسائیں جس میں چھ غیر مقامی مزدور کے علاوہ ایک مقامی ڈاکٹر بھی ہلاک ہو گیا، جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ منوج سنہا نے اس واقعے کے پس منظر میں کہا کہ ’’جموں و کشمیر میں دہشت گردی کے خلاف کڑی نگرانی اور کارروائی کی ضرورت ہے، جبکہ امن دشمن عناصر کے خلاف پولیس، فوج اور دیگر ایجنسیز سے مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘