جموں (جموں کشمیر) :جموں خطے میں بڑھتے ہوئے عسکریت پسندوں کے حملوں کے خلاف جمعرات کو جموں شہر میں کانگریس نے مظاہرہ کرتے ہوئے بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی سرکار کی شدید نکتہ چینی کی۔ جموں کشمیر کانگریس کے صدر وقار رسول وانی کی قیادت میں کانگریس کے کئی لیڈران و کارکنان نے شرکت کی اور نے این ڈی اے، بی جے پی کے خلاف نعرے بازی کی۔
احتجاج کے دوران کانگریس لیڈر وقار رسول نے مرکزی حکومت پر ’’عسکریت پسندوں کو روکنے میں ناکام‘‘ ہونے کا الزام عائد کیا۔ جموں کشمیر کانگریس کمیٹی کے صدر وقار رسول نے کہا کہ ’’جموں ڈویژن میں گزشتہ تین برسوں کے دوران عسکریت پسندوں کے حملوں میں مسلسل اضافہ ہوا ہے، اور ان حملوں میں تقریباً 40 فوجیوں نے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔‘‘ وقار رسول نے مرکزی حکومت کی تنقید کرتے ہوئے کہا: ’’مودی حکومت نے آرٹیکل 370 کو ہٹا کر اور جموں و کشمیر کو یونین ٹیریٹری میں تبدیل کرتے وقت عسکریت پسندوں کو ختم کرنے کے کئی دعوے کئے۔ انتخابات کے دوران بھی ملک بھر میں اس کا ڈنکا بجایا گیا تھا لیکن حقیقت میں مودی حکومت عسکریت پسندوں کو ختم کرنے میں ناکام رہی ہے۔‘‘