اننت ناگ:جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں جموں کشمیر پولیس نے ایک کمرشل کمپلیکس اٹیچ کر دیا ہے۔ پولیس بیان کے مطابق اٹیچ کیے گئے کمرشل کمپلیکس کی مالیت دو کروڑ روپے سے بھی زائد ظاہر کی گئی ہے جو کہ ضلع کے تولکھن، بجبہاڑہ کے ایک رہائشی مرحوم عبدالرشید ڈار کے نام پر درج ہے، جو سال 2020میں فوت ہو چکے ہیں۔ اٹیچ کی گئی پراپرٹی سرینگر جموں شاہراہ کے متصل سیمتھن، بجبہاڑہ علاقے میں واقع ہے اور محکمہ مال میں سروے نمبر 291 من کے تحت 5 کنال 12 مرلے پر مشتمل اراضی درج ہے۔
پولیس بیان میں اس پراپرٹی کی نشاندہی منشیات کی تجارت سے حاصل کردہ آمدن کے طور پر کی گئی ہے۔ اننت ناگ پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ مرحوم (عبد الرشید ڈار) کے خلاف ستمبر 2020میں منشیات سے متعلق (NDPS) کی دفعہ 8/15-29 کے تحت بجبہاڑہ پولیس اسٹیشن میں اس وقت کیس درج کیا گیا جب مرحوم کے احاطے میں ایک زیر زمین کمرے سے بڑی مقدار میں منشیات ضبط کی گئی تھی۔