شوپیاں (جموں کشمیر) :منشیات فروشی کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے شوپیاں پولیس نے بدھ کو ایک خاتون منشیات فروش کی لاکھوں روپے مالیت کی جائیداد قرق کر لی ہے۔ شوپیاں قصبہ کے بٹہ پورہ علاقے میں جموں کشمیر پولیس نے ’’بدنام منشیات فروش‘‘ ماہ جبین زوجہ فاروق احمد ریشی کی غیر منقولہ جائیداد (دو منزلہ رہائشی مکان) کو قرق کر لیا ہے۔ اس پراپرٹی کی مالیت پچاس لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔ یہ کارروائی پولیس اسٹیشن شوپیان نے NDPS ایکٹ FIR نمبر 21/2024 u/s 8/20 کے تحت انجام دی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق تفتیش کے دوران پولیس نے اس بات کا سراغ لگایا کہ قرق کی گئی جائیداد غیر قانونی طور پر (منشیات اسملگنگ کے ذریعے) حاصل کی گئی تھی۔ پولیس بیان کے مطابق یہ جائیداد پہلی منشیات کے کاروبار اور ممنوعہ مادوں کی غیر قانونی اسمگلنگ سے حاصل شدہ آمدن سے خریدی /تعمیر کی گئی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کارروائی منشیات کی بدعت سے نمٹنے کے لیے پولیس کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقامی باشندوں نے شوپیاں پولیس کے اس اقدام کو سراہا ہے۔