بجبہاڑہ: اسمبلی انتخابات کی تیاری کے سلسلے میں التجا مفتی نے اپنے کارکنان کے ہمراہ قصبہ بجبہاڑہ کے دارا شکوہ گارڈن میں قائم مرحوم مفتی محمد سعید کے مزار پر حاضری دی۔ یہ اقدام اس وقت زیادہ اہمیت رکھتا ہے جب التجا مفتی کو پی ڈی پی کی جانب سے بجبہاڑہ قصبہ کے لیے انتخابی ٹکٹ ملا ہے اور انہوں نے بجبہاڑہ سے الیکشن لڑنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
مزار پر حاضری دینے کے بعد التجا مفتی نے اپنے آبائی علاقے بجبہاڑہ کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے مقامی لوگوں سے ملاقات کی۔ ان کے مسائل سنے اور مشکلات کے حل کے لیے اپنی کوششوں کا وعدہ کیا۔ اس دورے کا مقصد مقامی عوام سے براہ راست رابطہ قائم کرنا اور انہیں اپنی انتخابی مہم کی تفصیلات سے آگاہ کرنا تھا۔
اس دوران التجا مفتی نے الگ الگ علاقوں میں مختلف مسائل کے پیش نظر عوام کے سامنے خطے کی ہمہ جہت ترقی کے لیے ایک خاکہ پیش کیا۔ اس منصوبے میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی، تعلیمی اداروں کی بہتری اور صحت کی سہولتوں میں اضافہ شامل ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے عوام کو اپنے انتخابی وعدوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور ان سے حمایت اور ووٹ کی درخواست کی۔