سرینگر (جموں کشمیر) :انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی)، کشمیر زون، وی کے بردی نے پولیس کنٹرول روم، سرینگر کے کانفرنس ہال میں منعقدہ اجلاس کے دوران امرناتھ یاترا کی حفاظتی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے منگل کو جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق، میٹنگ میں ڈی آئی جی سنٹرل کشمیر رینج، ڈی آئی جی نارتھ کشمیر رینج، ڈی آئی جی ساؤتھ کشمیر رینج، کشمیر زون کے تمام اضلاع کے ایس ایس پیز، ایس ایس پی ٹریفک سٹی، ایس ایس پی ٹریفک رورل، ایس ایس پی سیکورٹی، ایس ایس پی اے پی سی آر اور ایس پی ٹیلی کمیونیکیشن سمیت دیگر اہم عہدیداروں نے شرکت کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ افسران نے اپنے اضلاع کی مخصوص ضروریات اور امرناتھ یاترا کے ہموار انعقاد کے لیے کیے گئے انتظامات پر روشنی ڈالتے ہوئے حفاظتی منصوبوں کے بارے میں پاور پوائنٹ بریفنگ پیش کی۔ آئی جی پی بردی نے سیکورٹی کوآرڈینیشن اور آپریشنل، قدرتی آفات کے دوران ہنگامی صورتحال کے انتظام کے لیے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پیز) کا جائزہ لیا۔ انہوں نے یاتریوں کی محفوظ نقل و حرکت کی اہمیت پر بھی زور دیا، خاص طور پر سڑکوں پر خصوصی حفاظتی انتظامات اور شاہراہوں پر گشت کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
وی کے بردی نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ رات کے اوقات میں بھی کسی بھی طرح کے ناخوشگوار واقعات کو روکنے کے لیے شبانہ گشت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے یاترا کے لیے مقررہ راستوں پر یاتریوں کے منظم اور محفوظ نقل و حمل کو برقرار رکھنے کے لیے گاڑیوں اور پیدل یاتریوں کے لیے شیڈول اور کٹ آف اوقات کا جائزہ لینے پر بھی زور دیا۔