سرینگر: انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی ) کشمیر وی کے بردی نے اتوار کے روز پولیس کنٹرول روم سرینگر میں ایک میٹنگ کے دوران سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔انہوں نے اس دوران افسروں پر زور دیا کہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر وادی کے سبھی اضلاع میں ملیٹینٹ مخالف آپریشنز کا دائرہ وسیع کیا جائے۔ پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں سکیورٹی منظر نامے کے مزید استحکام کو یقینی بنانے کے لئے آئی جی پی کشمیر وی کے بردی نے یہاں پی سی آر سرینگر میں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران سکیورٹی صورتحال کا جامع جائزہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ میٹنگ کے دوران وادی کشمیر کے سکیورٹی منظر نامے کے حوالے مختلف امور زیر بحث آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ موصوف آئی جی پی نے ضلع کو درپیش موجودہ سکیورٹی خطرات و چیلنجز کی تشخیص پر زور دیا۔ پولیس بیان کے مطابق وی کے بردی نے افسروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت دی کہ وہ کسی بھی سکیورٹی واقعے سے نمٹنے کے لئے فوری کارروائیوں کو یقینی بنائیں۔پولیس بیان میں کہا گیا کہ 'آئی جی پی نے مجموعی سکیورٹی صورتحال کے استحکام کے لئے مختلف قابون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مضبوط تعاون ہونے پر زور دیا'۔انہوں نے کہا کہ موصوف آئی جی پی نے سکیورٹی ایجنسیوں اور عوام کے درمیان تعاون اور اعتماد کی بنیادوں پر مثبت تعلقات بنانے پر زور دیا'۔
بیان کے مطابق انہوں نے انٹلی جنس شیئرنگ میکانزم کو مضوط بنانے کرنے کے احکامات صادر کئے۔میٹنگ کے دوران شرکاء نے آنے والے پروگراموں کے پیش منظر میں وضح کئے گئے سکیورٹی پلان کے بارے میں آئی جی کشمیر کو جامع بریفنگ دی۔ اس موقع پر آئی جی کشمیر نے آفیسران پر زور دیا کہ آنے والی تقریبات کو بہ احسن خوبی پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔آئی جی پی نے عسکریت پسندی کے خطرات کو کم کرنے کی خاطر رات کے اوقات میں مزید چوکسی برتنے کی بھی تلقین کی ۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس وی کے بردی نے انسداد عسکریت پسند کی کارروائیوں کو مزید تیز تر کرنے کے احکامات صادر کئے۔ انہوں نے آفیسروں پر زور دیا کہ اہم پروگراموں کے دوران قومی شاہراہ کی سکیورٹی بڑھانے ، جہاں پر اقلیتی فرقے سے وابستہ لوگ رہائش پذیر ہیں، وہاں سکیورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کرنے اور دیگر اہم مقامات پر سیکورٹی گرڈ مضبوط کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔