پونچھ (جموں کشمیر):سرحدی ضلع پونچھ کے ساتھرہ چوک، منڈی علاقے میں بس کی ٹکر سے میاں بیوی شدید زخمی ہو گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق ضلع کے گاڑی گلی پندی علاقے سے پونچھ کی جانب جا رہی ایک بس زیر نمبر JK02AF 6951 اچانک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر سڑک کنارے ایک دکان سے ٹکرا گئی۔ ٹکر کے نتیجے میں دکان کے باہر کھڑے میاں بیوی شدید زخمی ہو گئے۔
مقامی باشندوں، پولیس نے فوری طور پر بچاؤ کارروائی شروع کی اور زخمیوں کو ضلع اسپتال پونچھ ریفر کر دیا۔ زخمیوں کی شناخت 65 سالہ فیض محمد ولد دین محمد اور اس کی زوجہ 60 سالہ صدیقہ بی کے طور پر ظاہر کی گئی ہے۔ مقامی باشندوں نے بتایا کہ ’’تیز رفتاری کے سبب یہ حادثہ پیش آیا اور ڈرائیور کی لاپرواہی کی وجہ سے دو راہگیر شدید زخمی ہو گئے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ حادثہ کے سبب میاں بیوی (دونوں) کی ٹانگیں ٹوٹ گئی ہیں اور انہیں ضلع اسپتال پونچھ ریفر کر دیا گیا ہے۔