جموں:صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت، حکومت ہند نے گاندھی نگر ہسپتال جموں میں پہلا انسانی دودھ کے بینک (جامع دودھ پلانے کا انتظام سنٹر) کو قائم کرنے کی منظوری دی ہے۔ ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، ڈاکٹر ارون شرما نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ’’مرکزی وزارت صحت اور خاندانی بہبود نے 47.20 لاکھ روپے کو پروجیکٹ کے لیے منظوری دی ہے جس میں بنیادی ڈھانچے کے لیے 16.61 لاکھ روپے اور آلات، فرنیچر، سپلائیز، کے لیے 30.59 لاکھ روپے کو منظوری دی ہے۔‘‘
خطے میں زچہ اور بچہ کی صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کو مستحکم بنانے اور اس پروجیکٹ کی اہمیت کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے، ایم سی ایچ گاندھی نگر کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے مزید کہا کہ ’’اس ادارے کا کام اضافی دودھ کی حامل ماؤں کو اپنے دودھ کا عطیہ کرنے کی ترغیب دینا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ایسی مائیں، جنہوں نے بدقسمتی سے اپنے شیر خوار بچے کھو دیے یا جن خواتین کی ڈیلیوری ناکام ہو گئی انہیں بھی عطیہ دہندگان کے زمرے میں شمار کیا جاتا ہے اور ایسی خواتین کو بھی اپنا دودھ عطیہ کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہیومن ملک بینک کی ضرورت شدید محسوس کی گئی، کیونکہ بعض نوزائیدہ جو بیمار رہتے ہیں اور اسپتالوں کے آئی سی یو میں داخل کیے جاتے ہیں اور ان کی مائیں کئی وجوہات کی بناء پر اپنے بچوں کو اپنا دودھ نہیں پلا سکتی ہیں، ایسے شیر خوار بچے اپنی ماؤں کے دودھ سے محروم رہتے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ آئی وی ایف، یا حمل کے دوران بیمار رہنے یا ناکافی دودھ ہونے کے سبب بھی بعض بچے ماں کے دودھ سے محروم ہو جاتے ہیں۔