جموں (جموں کشمیر) :جموں کے سیکٹر کناچک میں مشتبہ نقل و حرکت دیکھے جانے کے بعد ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف)، پولیس اور فوج کی مشترکہ ٹیم نے اس وقت بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائی شروع کر دی جب ایک مقامی شخص نے درمیانی شب گورہا پٹن نامی علاقے میں تین افراد کی مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع سیکورٹی فورسز کو دی۔
حکام نے جمعہ کو بتایا کہ ایک شخص نے دوران شب کناچک سیکٹر میں تین مشکوک مسلح افراد کو دیکھنے کا دعویٰ کیا، جس کے بعد نہ صرف تلاشی کارروائی شروع کی بلکہ بعد سیکورٹی فورسز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ دریں اثناء، کٹھوعہ ضلع میں تلاشی کارروائی پانچویں روز میں داخل ہو چکی ہے اور جموں و کشمیر کے کٹھوعہ - ادھم پور - ڈوڈہ کے پہاڑیوں اور گھنے جنگلات میں مزید فوجی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔