جموں (جموں کشمیر) :شری امرناتھ یاترا کے دوران ہلاکتوں کو روکنے کے لیے یاتریوں کے ہیلتھ سرٹیفکیٹس کی اچانک جانچ کی جائے گی۔ اگر کسی کا ہیلتھ سرٹیفکیٹ جعلی پایا گیا تو اسے سفر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ امرناتھ یاترا میں ہیلتھ سرٹیفکیٹ ہمیشہ سے ایک اہم مسئلہ رہا ہے، سفر کے دوران ہونے والی اموات کے پیچھے جعلی ہیلتھ سرٹیفکیٹس کو ایک بڑی وجہ سمجھا جاتا ہے۔
رواں برس امرناتھ یاترا 29 جون سے شروع ہو رہی ہے اور 19 اگست تک جاری رہے گی۔ ہر بار کی طرح اس بار بھی یاتریوں کے کے لیے ہیلتھ سرٹیفکیٹ کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ضلع ہسپتالوں سے لے کر تمام کمیونٹی ہیلتھ سنٹرز اور کچھ بنیادی طبی مراکز میں ہیلتھ سرٹیفکیٹ تیار کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس بار بلاک میڈیکل آفیسر کو بھی سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ اسی طرح ہر ریاست نے امرناتھ شرائن بورڈ کو مجاز ڈاکٹروں کی فہرست بھی جاری کر دی ہے۔