سی آر پی ایف نے کیا ترنگا ریلی کا اہتمام
اونتی پورہ: ’’ہر گھر ترنگا‘‘ مہم کے تحت جموں کشمیر کے یمین و یسار میں ترنگا ریلیز کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے منگل کو جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ علاقے میں سی آر پی ایف 130 بٹالین کی جانب سے ایک ترنگا ریلی کا اہتمام اہتمام کیاگیا۔ ریلی کی قیادت 130 بٹالین کے کمانڈنگ آفیسر راجیو یادو نے کی جبکہ اس موقع پر پولیس کے ایس پی ممتاز بھٹی کے علاوہ سیول سوسائٹی ممبران اور مقامی اسکولی طلباء نے بھی شمولیت کی۔
ریلی میں شامل افراد ہاتھوں میں ترنگے لہرا رہے تھے جبکہ لاؤڈ اسپیکر پر حب الوطنی کے نغمے بھی بلند آواز سے نشر کیے جا رہے تھے۔ ترنگا ریلی، بٹالین ہیڈکوارٹر سے شروع ہوکر اونتی پورہ پالی ٹیکنک کالیج کے پاس اختتام پذیر ہوئی، جہاں ٹھنڈے مشروبات سے ریلی میں شامل افراد کی تواضع کی گئی۔ میڈیا کےساتھ بات کرتے ہوئے کمانڈنگ آفیسر130 بٹالین راجیو یادو نے بتایا کہ ’’آج کی ریلی میں عوامی شرکت سے یہ بات صاف ہو رہی ہے کہ کشمیر میں اب حالات روز بہ روز معمول کی جانب بڑھ رہے ہیں جو کہ ایک اچھی بات ہے۔
بی جے پی کارکنان نے کیا سرینگر میں ترنگا یاترا کا اہتمام
سرینگر: حب الوطنی اور اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سرینگر یونٹ، نے منگل کو سرینگر میں ترنگا یاترا (بائیک ریلی) کا اہتمام کیا۔ اس ریلی کی قیادت بی جے پی کے سینئر لیڈر اشوک کول نے جبکہ درجنوں بی جے پی کارکنان بھی ریلی میں شامل رہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے اشوک کول نے یوم آزادی کی اہمیت اور ملک کے اتحاد اور سالمیت کی حفاظت پر زور دیا۔ انہوں نے جموں و کشمیر کی ترقی اور امن کے لیے بی جے پی کے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے کہا: ’’ترنگا یاترا، قومی اتحاد کو فروغ دینے اور جموں و کشمیر کے لوگوں میں حب الوطنی کا جذبہ پیدا کرنے کے لیے بی جے پی کے بڑے اقدام کا ایک حصہ ہے۔‘‘
اننت ناگ میں سی آر پی ایف کی جانب سے ترنگا ریلی کا اہتمام
اننت ناگ: جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے مختلف علاقوں میں ترنگا ریلیز کا انعقاد کیا گیا۔ اننت ناگ قصبہ میں سی آر پی ایف 40 بٹالین کی جانب سے منگل کو ایک میگا ترنگا ریلی منعقد کی گئی۔ ریلی کی قیادت سی او 40 بٹالین نے کی جبکہ ریلی میں اسکولی بچوں، جموں کشمیر پولیس کے علاوہ فوج کے درجنوں اہلکاروں نے بھی شرکت کی۔ یہ ترنگا ریلی لال چوک اننت ناگ سے آشاجی پورہ تک برآمد کی گئی۔
ریلی کے دوران ’’ترنگا ہماری شان ہے ترنگا ہماری پہچان ہے‘‘ کے نعرے بلند کرتے ہوئے شرکاء نے اپنے جوش اور جذبے کا اظہار کیا۔ اس حوالے سے کمانڈنگ آفیسر 40 بٹالین سی آر پی ایف، روندر سنگھ نے کہا کہ ’’ملک بھر کے دیگر حصوں کے ساتھ ساتھ آج اننت ناگ میں بھی ترنگا ریلی نکالی گئی۔ جس میں مختلف اسکولی طلباء و طالبات، سی آر پی ایف ، جموں کشمیر پولیس اور فوجی جوانوں نے شرکت کی۔‘‘