سرینگر:حج 2025 کی خاطر حج کمیٹی آف انڈیا کو جموں وکشمیر سے صرف 4300 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ ایسے میں یہ مختص کوٹے کا خالص 52 فیصد بتایا جارہا ہے۔ اگرچہ حج فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ تین مرتبہ توسیع بھی عمل میں لائی گئی لیکن اس کے باوجود بھی 8200 کے مختص کوٹے میں سے 4300 درخواستیں ہی جمع کی گئی ہیں۔ جن میں 2300 مرد اور 2000خواتین عازم شامل ہیں۔ اس طرح حج درخواستوں میں کمی کے باعث اب قرعہ انداز نہیں ہوگی۔
جموں وکشمیر حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر شجاعت قریشی نے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے حج درخواستوں میں کمی ہونےکے کئی وجوہات گنوائے اور کہا کہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں حج کے اخراجات میں اضافہ ہوا ہے۔ وہیں لوگ اب حج سے پہلے عمرے پر جانے کو ترجیح دے رہے ہیں ۔ اس کے علاوہ چند برسوں سے حج کے ایام شدید گرمیوں آتے ہیں جس کی وجہ سے بھی کمی ہوئی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں کئی مہینے پہلے ہی حج 2025 کے لیے درخواستیں کرنے سے ایک تو ویزا میں کوئی پریشانی عازم کو نہیں ہوگی وہیں دوسری جانب حجاج کرام کو بہتر طور تربیت بھی فراہم ہوسکے گی ۔