اننت ناگ (میر اشفاق): یرقان کے پھیلنے کی اطلاع کے بعد ضلع اننت ناگ کے گٹلی گنڈ گاؤں میں تشویش کی صورت حال پائی جا رہی ہے۔ ضلع اننت ناگ کے گُٹلی گنڈ ویری ناگ میں یرقان پھوٹ پڑنے کے بعد مذکورہ علاقہ میں محکمہ صحت کی جانب سے سکریننگ کا عمل جاری ہے۔ دو روز قبل گاؤں میں 27 افراد کا ٹیسٹ مثبت پایا گیا جن میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے۔
محکمہ صحت نے دعوی کیا تھا کہ متاثرہ علاقہ میں لوگوں کے یرقان کی بیماری میں مبتلا ہونے کی وجہ سپلائی شدہ آلودہ پانی ہے، تاہم پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (پی ایچ ای ) ڈپارٹمنٹ نے زور دے کر کہا کہ گاؤں کو فراہم کیے جا رہے پینے کے پانی میں کوئی خرابی نہیں ہے اور سپلائی شدہ پانی بالکل موزوں ہے۔
پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق، متعلقہ محکمہ کا دعویٰ ہے کہ تمام پیرامیٹرز کی جانچ بیورو آف انڈین اسٹینڈرڈس (بی آئی ایس) کے رہنما خطوط کے مطابق کیا گیا اور پانی کو قابل استعمال حدود کے اندر پایا گیا ہے۔ اس رپورٹ کے سامنے آنے کے بعد گاؤں میں غیر یقینی صورت حال پھیل گئی ہے۔
گذشتہ روز 27 افراد کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد گاؤں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی، تاہم محکمہ ہیلتھ کی جانب سے گاؤں میں سکریننگ کا عمل شروع کیا گیا۔ محکمہ صحت کے ایک افسر کے مطابق انفیکشن سے متاثرہ افراد کا سخت نگرانی کے اندر علاج و معالجہ کیا جا رہا یے اور خوش قسمتی سے تمام متاثرہ افراد کی حالت مستحکم ہے اور علاقہ میں ابھی تک مزید کوئی بھی کیس سامنے نہیں آیا ہے۔
ETV Bharat / jammu-and-kashmir
اننت ناگ: یرقان متاثرہ گُٹلی گُنڈ میں پینے کے پانی میں کوئی خرابی نہیں، پانچ رکنی جانچ ٹیم متحرک - JAUNDICE OUTBREAK IN ANANTNAG
پی ایچ ای کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ یرقان (جوائنڈس) متاثرہ گُٹلی گُنڈ میں پینے کے پانی میں کوئی خرابی نہیں ہے۔
Published : Jan 29, 2025, 2:27 PM IST
یہ بھی پڑھیں:اننت ناگ: گٹلی گنڈ میں یرقان پھوٹ پڑنے سے عوام میں تشویش، 27 افراد کا ٹیسٹ مثبت، پانچ رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل
محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی جانب سے پینے کے پانی کے حوالہ سے واضح رپورٹ کے بعد گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) اننت ناگ نے صورت حال کی تحقیقات کے لیے ایک پانچ رکنی ماہرین کی ٹیم تشکیل دی۔ ٹیم کو انفیکشن کی نشاندہی کرنے، احتیاطی تدابیر کو نافذ کرنے، حفظان صحت اور متاثرہ افراد کی دیکھ بھال کے لئے ضروری اقدامات فراہم کرنے کا کام سونپا گیا ہے۔ ٹیم رواں ماہ کے آخر تک جی ایم سی اننت ناگ کے پرنسپل کو ایک ایکشن پلان پیش کرے گا۔
علاوہ ازیں ضلع ترقیاتی کمشنر سید فخر الدین حامد نے اننت ناگ کے چیف میڈیکل افسر (سی ایم او) اور پی ایچ ای کے عہدیداروں کے ساتھ گاؤں کا دورہ کیا۔ انہوں نے باشندگان کی حوصلہ افزئی کی اور کہا کہ وہ گھبرائیں نہیں، انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ لازمی طور پینے کا پانی ابال کر استعمال کریں اور مناسب حفظان صحت کو برقرار رکھیں۔