سرینگر (جموں و کشمیر):پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) صدر اور جموں کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ہفتے کے روز لوک سبھا انتخابات کے حوالے سے حکومت کے رویّے پر سخت تنقید کی۔ سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں دفعہ 144 کے نفاذ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول اور ناجائز قرار دیا۔
محبوبہ مفتی نے پی ڈی پی کے کارکنوں کو پلوامہ اور سورنکوٹ کے مقامی پولیس اسٹیشنوں کی طرف سے حراست میں لیے جانے کی خبروں پر تشویش کا اظہار کیا۔ محبوبہ نے سوال کیا کہ ’’اگر حکومت، کشمیر میں متنازعہ اخوان حکمرانی کو بحال کرنے کی طرف مائل ہے تو انتخابات کے انعقاد کی کیا ضرورت ہے۔‘‘ محبوبہ مفتی نے دعویٰ کیا کہ ’’ہم پی ڈی پی کے کارکنوں کے خلاف پراکسی جنگ کا مشاہدہ کر رہے ہیں، جس میں حکومتی مشینری کو ان کارکنان کو نشانہ بنانے کے لیے چن چن کر استعمال کیا جا رہا ہے۔‘‘