پلوامہ (جموں کشمیر):جنوبی کشمیر کی ترال اسمبلی نشست کے لیے نیشنل کانفرنس (این سی) اور کانگریس کے مشترکہ امیدوار سریندر سنگھ چنی نے سب ضلع ترال کے نورپورہ سمیت دیگر کئی مقامات پر انتخابی جلسوں سے خطاب کیا۔ خطاب کے دوران انہوں نے راے دہندگان کو اپنی طرف متوجہ کرنے کی کوشش کی اور کہا کہ ’’ترال علاقے کو اب تک متواتر حکومتوں نے نظر انداز کیا ہے کیونکہ مقامی اسمبلی ممبران کی کارکردگی عوامی خواہشات کے مطابق نہیں رہی ہے۔‘‘
انتخابی مہم کے دوران سنگھ نے بتایا کہ ’’این سی کانگریس الائنس نہ صرف جموں کشمیر بلکہ قومی سطح کے مفاد کو دیکھ کر کیا گیا ہے اور اس حوالے سے راہل گاندھی اور ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں انہیں یقین ہے کہ ترال کے لوگ انہیں اب کی بار خدمت کا موقع فراہم کریں گے۔‘‘