سرینگر (جموں کشمیر) :سرینگر کے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) میں ایک غیر مقامی طالب علم کی جانب سے مبینہ طور توہین آمیز پوسٹ کے خلاف مظاہروں کے پیش نظر جموں کشمیر پولیس نے آج عوام کو متنبہ کیا کہ وہ ’’افواہ بازوں سے باخبر رہیں۔‘‘ پولیس نے سخت انتباہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’امن و قانون بگاڑنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔‘‘
کشمیر زون کے انسپکٹر جنرل، ودھی کمار بردھی، نے دعویٰ کیا کہ پولیس نے اس معاملے میں بروقت کارروائی کرکے مقدمہ درج کیا ہے جس کی باضابطہ طور کارروائی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کسی بھی فرد یا افراد کو کسی بھی مذہب یا فرقے سے وابستہ عقائد اور معاملات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے عوام کو متنبہ کیا کہ وہ شرپسندوں کی افواہوں سے باخبر رہیں اور پولیس، قانونی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرنے میں قاصر نہیں رہے گی۔
غور طلب ہے کہ اس معاملے پر گزشتہ روز سے سرینگر کے میڈیکل کالج (GMC Srinagar) میں مظاہرے ہو رہے ہیں۔ حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے جی ایم سی حکام نے مذکورہ غیر مقامی طالب علم کو معطل کیا ہے جبکہ کالج نے تین روز تک تدریسی عمل بھی معطل کر دیا ہے۔ وہیں سرینگر کے حصرتبل میں واقع نیشنل انسٹی انسٹیچوٹ آف ٹیکنالوجی (NIT Srinagar) میں بھی ایک روز تک تدریسی عمل کو معطل کیا گیا ہے۔ این آئی ٹی میں بھی کالج کے احاطے کے اندر طلباء نے احتجاج کیا۔