سرینگر (جموں کشمیر) :نیشنل کانفرنس (این سی) اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) پر تنقید کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنما اور سابق صدر رام مادھو نے دعویٰ کیا کہ ’’سابق عسکریت پسند این سی اور پی ڈی پی کے لیے انتخابی مہم چلا رہے ہیں، لیکن لوگ ان خاندانی جماعتوں کو مسترد کرکے بی جے پی کو مکمل اکثریت دیں گے۔‘‘
سرینگر میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے رام مادھو نے کہا کہ ان کے پاس معلومات ہیں کہ این سی اور پی ڈی پی عسکریت پسندوں کی حمایت لے رہے ہیں جبکہ سابق عسکریت پسند ان کے لیے مہم چلا رہے ہیں۔ رام مادھو، لالچوک حلقے سے بی جے پی کے امیدوار اعجاز حسین کے ہمراہ تھے جب وہ اپنا نامزدگی فارم جمع کروا رہے تھے۔
رام مادھو کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سابق علیحدگی پسند رہنما اور ان کے رشتہ دار مین اسٹریم سیاسی جماعتوں میں شامل ہو کر انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، اور بی جے پی کی حکومت یہ دعویٰ کر رہی ہے کہ وادی میں عسکریت پسندی آخری سانسیں لے رہی ہے۔ رام مادھو نے مزید کہا کہ ’’عوام، بی جے پی کو ووٹ دیں گے اور پارٹی کو مکمل اکثریت دے کر اپنی حکومت بنانے کا موقع دیں گے۔ مجھے امید ہے کہ جموں و کشمیر کے لوگ ان جماعتوں کو مسترد کر دیں گے جنہوں نے سابق ریاست کو دہشت گردی اور تباہی کی طرف دھکیل دیا۔‘‘