اننت ناگ (جموں کشمیر) :نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور جموں کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ نے بی جے پی پر پراکسی امیدوار میدان میں اتارنے کا الزام عائد کیا ہے۔ عمر عبداللہ نے کہا ’’بی جے پی جانتی ہے کہ کشمیر میں ان کی ساخت کمزور ہے اسلئے وہ یہاں اپنا امیدوار کھڑا کرنے سے کترا رہی ہے۔‘‘ عمر عبداللہ کے مطابق ’’حالیہ دنوں وزیر داخلہ نے خود اس بات کا اشارہ دیا اور کہا کہ بی جے پی کو کشمیر میں کنول کھلتے دیکھنے کی کوئی جلدی نہیں۔‘‘
عمر عبداللہ نے کہا: ’’یہ واضح ثبوت ہے کہ ماضی میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے یہاں اپنے امیدوار میدان میں اتارے لیکن وہ کامیاب نہیں ہوئی، بی جے پی خود میدان میں نہیں اتر رہی ہے کیونکہ وہ دوسری جماعتوں سے مل کر یہاں انتخابات میں حصہ لے رہی ہے، جس طرح سے بی جے پی کے رہنما ترون چگ، سجاد غنی لون اور الطاف بخاری سے ملاقی ہوئے اس سے واضح ہو رہا ہے کہ بی جے پی اپنی طرف سے نہ سہی لیکن اپنی پارٹی اور پیپلز کانفرنس کی صورت میں الیکشن لڑ رہی ہے۔‘‘