سرینگر:فلمی دنیا سے تائب ہوکر اسلامی طریقہ کار پر زندگی گزارنے کا فیصلہ کرنے والی سابق مشہور بالی ووڈ اداکارہ زائرہ وسیم نے کشمیر میں بجلی سپلائی کی انتہائی ابتر صورتحال پر پاور محکمہ کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ زائرہ وسیم نے ایکس (سابق ٹوٹر) پر ایک پیغام میں لکھا کہ کشمیر میں وہ متواتر اور کسی پیش گوئی کے بغیر بجلی بند ہونے کے سلسلے سے کافی تھک چکی ہیں۔ بجلی سپلائی شاذ و نادر ہی متواتر ہوتی ہے اور کسی شیڈول کے تحت فراہم کی جاتی ہے اور خاص طور پر اسمارٹ میٹر کا شوشہ چھوڑنے کے بعد یہ بہت ناانصافی ہے۔
کشمیر میں لوگ واویلا کر رہے ہیں کہ انہیں بجلی کی سپلائی مسلسل اور متواتر نہیں مل رہی ہے۔ لوگ اب بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف کوئی احتجاج بھی نہیں کرتے ہیں کیونکہ حکام بجلی فرام کرنے میں مسلسل ناکام ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق اگرچہ پاور محکمہ نے بجلی فراہمی کا ایک شیڈول جاری کیا ہے لیکن اس پر کوئی عملدرآمد نہیں ہوتا۔ محکمے کا کہنا ہے کہ وہ بجلی کی ترسیل میں بہتری لارہے ہیں تاہم عوام کو بجلی چوری روکنے میں اپنا رول ادا کرنا چاہئے۔
یہ بھی پڑھیں:چراغ تلے اندھیرا، اوڑی میں بجلی کٹوتی سے عوام پریشان
زائرہ وسیم کے ٹویٹ پر کشمیر میں پاور محکمہ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سینئر کے اے ایس افسر مسرت الاسلام ضیا نے انکا جواب دیا۔ انہوں نے لکھا: ’’پیاری زائرہ وسیم، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ بجلی کٹوتی کا خاتمہ کیا جائے اور ہمیں امید ہے کہ ہماری بجلی کی دستیابی میں اضافیہ ہو جائے گا۔ آپ ایک بہترین اثر و رسوخ والی شخصیت (انفلنسر) ہے۔ اپنے پیغام میں اگر آپ ایک آخری لائن میں صارفین کی طرف سے بجلی کے ناجائز استعمال کی مزمت کرتیں تو اس سے سوشل میڈیا پر کافی بحث و تمحیص ہوجاتی۔‘‘