جموں: جموں شہر کے وسط میں واقع جیول چوک میں ایک سنسنی خیز واردات میں نامعلوم افراد نے ایک نوجوان پر گولی چلاکر اسے ہلاک کردیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس واقعے کا تعلق عسکریت پسندی کے بجائے آپسی رنجش اور گینگ وار کے ساتھ ہوسکتا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں تحقیقات جاری ہے۔ ہلاک شدہ نوجوان کی شناخت سانبہ ضلع کے وجے پور علاقے سے تعلق رکھنے والے سمت جنڈیال کے طور ہوئی ہے۔
یہ واقعہ بعد دوپہر 2:20 سے 2:30 بجے کے قریب پیش آیا جب تین حملہ آوروں نے گھات لگاکر مزکورہ نوجوان کی گاڑی پر نزدیک سے گولیاں چلائیں۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ حملہ آوروں کو پہلے سے ہی جنڈیال کی نقل و حرکت کا علم تھا۔ نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل ااف پولیس جموں ڈاکٹر آنند جین نے اسے دو گروپوں کے درمیان گینگ وار قرار دیا اور کہا کہ اس واقعہ میں گٹارو گینگ کے ارکان ملوث تھے۔ اے ڈی جی پی نے کہا کہ یہ ایک نارمل جرم کا واقعہ ہے اور اس میں دہشت گردی کا کوئی زاویہ نہیں ہے۔ مقتول کی شناخت سمیت جنڈیال کے طور پر کی گئی ہے، جو جی ایم سی جموں میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی گرفتاری کے لیے آپریشن شروع کر دیا ہے۔ اس دوران عینی شاہدین نے بتایا کہ تین حملہ آور جیول چوک میں انتظار کر رہے تھے اور جب جنڈیال کی تھار گاڑی زیر نمبر جے کے 21 جی 0770 انکے نزدیک آئی تو انہوں نے اس پر فائر کھول دیا ۔ جیول چوک ہر وقت لوگوں سے بھرا رہتا ہے، اسلئے حملہ آوروں نے بھاری رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے راہ فرار اکتیار کی۔ پولیس کو ابھی تک انکے بارے میں کوئی سراغ نہیں ملا ہے۔ علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا جارہا ہے۔