ETV Bharat / jammu-and-kashmir
پلوامہ کے لیلہارا کاکاپورہ میں محکمہ آبپاشی کے خلاف کسانوں کا احتجاج - Farmers protest in Pulwama - FARMERS PROTEST IN PULWAMA
ضلع پلوامہ کے لیلہارا علاقہ کے کسانوں نے محکمہ آبپاشی کے خلاف احتجاج کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ محکمہ تقریباً 1000 کنال اراضی کو سیراب کرنے میں ناکام رہا ہے۔
Published : Aug 6, 2024, 2:07 PM IST
پلوامہ:ضلع پلوامہ میں دھان کی کاشت بڑے پیمانے پر کی جاتی ہے جبکہ کئی علاقوں میں ہزاروں کنال اراضی پر اس کی کاشت ہوتی ہے۔ وہیں ضلع پلوامہ کے لیلہارا کاکاپورہ علاقے میں تقریباً 90 فیصد اراضی پر دھان کی کھیتی کی جاتی ہے جس سے ہزاروں لوگ منسلک ہیں۔ تاہم علاقے میں آبپاشی کا بہتر انتظام نہ ہونے کی وجہ سے کسانوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑرہا ہے۔ لوگوں نے الزام عائد کیا کہ محکمہ آبپاشی اور مکینیکل ایریگیشن، علاقے میں تقریباً ہزاروں کنال اراضی کو سیراب کرنے میں ناکام ہے جس کی وجہ سے علاقے میں خشک سالی جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ جس سے علاقے میں زراعت اور باغبانی کا شعبہ تباہ ہوگیا ہے۔
اس سلسلے میں سمیر احمد بٹ نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے آبپاشی پمپ صحیح انداز میں کام نہیں کررہا ہے جس کی وجہ سے علاقے میں دھان کی زمین ٹھیک طرح سے سیراب نہیں ہو رہی ہے اور کسانوں کو نقصان اٹھانا پڑرہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آبپاشی پمپ ایک گھنٹہ چلنے پر اسے 10 گھنٹوں کےلئے بند کرنا پڑتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پلوامہ میں واقع جے کے پی ڈی سی ایل دفتر میں ملازمین کے لیے بیداری پروگرام
اسی طرح عبدالحمید بٹ نے بتایا کہ متعلقہ محکمے سے متعدد مرتبہ گزارش کرنے کے باوجود بھی مسلہ حل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے ایریگیشن پمپ اسٹیشن ٹھیک سے کام نہیں کررہا ہے اور انتظامیہ اور محکموں کی توجہ کی ضرورت ہے۔ لیلہارا کاکاپورہ کے کسانوں نے ایل جی انتظامیہ اور ڈپٹی کمشنر پلوامہ ڈاکٹر بشارت قیوم سے اپیل کی کہ وہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے لے اور حل کروانے کے لئے اقدامات کریں۔