اننت ناگ: سماج میں موجود کسان طبقہ ایک محنت کش طبقہ مانا جاتا ہے،یہ عیاں ہے کہ انسان کی غذائی ضروریات زیادہ ترکھیتوں اور باغات سے پوری ہوتی ہے ۔اور کسان ہی وہ محنت کش انسان ہے جو ہمارے لئے خوراک کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے ۔گرما کے موسم میں جھلسا دینے والی گرمی ہو یا سرما کی جما دینے والی سردی ، کسان ہر موسم کی شدت کو برداشت کرتے ہوئے ہمارے لئے ضروریات مہیا کرتا ہے ۔کسانوں کی محنت سے فائدہ اٹھانے والے لوگ تومعاشی ترقی کے عروج پر پہنچ جاتے ہیں، لیکن بیشر بے بس کسان معاشی ترقی کے سفر میں پیچھے رہ جاتے ہیں، کیونکہ اکثر دیکھا جا رہا ہے کہ کسان قدرتی آفات غیر موزوں موسمی صورتحال ،مارکیٹس کی گراوٹ کی زد میں آجاتا ہے یا کبھی کبھار اس پر حالات بھاری پڑ جاتے ہیں ۔۔
آج بھی وادی میں مسلسل خشک سالی اور شدید گرمی جاری ہے جس سے جہاں عام زندگی متاثر ہوئی ہے وہیں خاص کر زمیندار طبقہ سے وابستہ افراد میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔۔کیونکہ مسلسل موسم خشک اور گرم رہنے سے فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے ،بعض علاقوں میں پانی کی قلت سے دھان اور مختلف سبزیوں کے کھیت سوکھ گئے ہیں اور فصلوں پر مختلف بیماریاں پھوٹ پڑی ہیں جس سے کسان ذہنی کوفت کا شکار ہو گئے ہیں۔۔