پلوامہ (جموں کشمیر):جنوبی کشمیر کی ترال اسمبلی نشست سے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے امیدوار رفیق احمد نایک نے اپنی انتخابی تشہیری مہم کے دوران اونتی پورہ اور نورپورہ علاقوں میں عوامی جلسے سے خطاب کیا۔ اونتی پورہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران رفیق نایک نے دعویٰ کیا کہ ’’پی ڈی پی کا، عوام دوست ایجنڈا اونتی پورہ میں پہلے ہی مقبول ہو چکا ہے کیونکہ پی ڈی پی نے یہاں اسلامک یونیورسٹی اور ایمز جیسے ادارے لاکر یہاں کے لوگوں پر احسان کیا ہے۔‘‘
رفیق نایک نے الیکشن اوبزرور کی مبینہ غفلت شعاری کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ’’ایک ہی علاقے میں کس طرح دو حریف پارٹیوں کو اجازت نامہ فراہم کیا جاتا ہے اس حوالے سے اگر کوئی پکڑ بازی یا آپسی جھگڑا ہوتا تو پھر یہ کس کے کھاتے میں چلا جاتا؟‘‘ نائک نے ریلی کے حاشیہ پر میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ’’ترال علاقے میں عوامی اتحاد پارٹی کی ریلی اسٹیٹ سپورنسرڈ (State Sponsored) ریلی تھی۔‘‘ نائک کے مطابق اسٹیٹ اسپانسرڈ ریلی سے ان کا (یعنی پی ڈی پی کا) ووٹ بینک ہرگز متاثر نہیں ہوگا۔