کپوارہ (جموں کشمیر) :شمالی کشمیر کے کپوارہ ضلع میں سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین انکاؤنٹر شروع ہو چکا ہے۔ کشمیر زون پولیس نے سماجی رابطہ گاہ ایکس پر تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کپوارہ کے تریموکھا ٹاپ، لولاب میں عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین تصادم شروع ہو چکا ہے، تاہم اس ضمن میں انہوں نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی۔
واضح رہے کہ کپوارہ ضلع میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب چند روز قبل دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے سیکورٹی فورسز نے گزشتہ ہفتے دو کیرن سیکٹر میں عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا تھا۔ ادھر، صوبہ جموں کے خواس نامی علاقے میں جاری دوسرے روز سرچ آپریشن کے دوران وقفے وقفے سے فائرنگ جاری ہے۔ سرحدی ضلع راجوری میں بدھال کے خواس علاقے میں عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کے لیے پیر کو جموں و کشمیر پولیس، فوج اور نیم فوجی دستوں پر مشتمل سیکورٹی فورسز کی ٹیم نے تلاشی مہم شروع کی تھی جو آج دوسرے روز بھی جاری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کہ 3 سے 4 عسکریت پسند علاقے میں پھنسے ہوئے ہیں تاہم سیکورٹی فورسز نے اس کی تصدیق نہیں کیا۔