پلوامہ (جموں کشمیر) : پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے جنوبی کشمیر کی ترال اسمبلی نشست کے لیے نامزد امیدوار رفیق احمد نایک نے ہفتہ کے روز اپنی رہائش گاہ سے پنگلش، رٹھسونہ، چری بگ اور دیگر دیہی علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے اپنی انتخابی مہم کو مزید تیز کر دیا۔ مختلف انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے نایک نے دعویٰ کیا کہ ترال کی سیاحت، صحت، روزگار، زراعت اور تعلیم جیسے اہم شعبوں کو اب تک نظرانداز کیا گیا ہے، لیکن وہ ان تمام شعبہ جات پر خصوصی توجہ مرکوز کریں گے۔
نائک کے ہمراہ پارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ اپنے خطاب میں نایک نے کہا کہ ان کے مخالفین ان کے خلاف منفی پروپیگنڈا پھیلا رہے ہیں، لیکن وہ عوام کے مفادات کو ترجیح دیتے ہوئے کسی بھی چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے اپنے مخالفین خاص کر ترال سے الیکشن لڑ رہے امیدواروں پر جذباتی سیاسی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا: ’’ترال میں ایموشنل سیاست کی جا رہی ہے اور جذباتی ووٹ بٹورنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔‘‘