سری نگر (جموں و کشمیر): الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے آئندہ جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں عوام کی زیادہ سے زیادہ شراکت داری کو ذہن میں رکھتے ہوئے ہدایات جاری کی ہیں۔ ای سی آئی نے افسران پر زور دیا ہے کہ وہ سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کو بلا وجہ نظر بند کرنے سے گریز کریں اور آخری لمحات میں ریلیاں و پولنگ بوتھوں کو منتقل کرنے یا منسوخ کرنے سے گریز کریں۔
جموں و کشمیر حکومت کے ایک سینئر اہلکار کے مطابق چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار اور الیکشن کمشنرز گیانیش کمار اور سکھبیر سنگھ سندھو نے گزشتہ ماہ خطے کے اپنے دورے کے دوران یہ ہدایات دیں۔
الیکشن کمیشن آف انڈیا کے اہلکار نے مزید کہا کہ ’’حراست میں صرف مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے افراد کو ہی لینا چاہیے، اور کسی بھی طرح من مانی کارروائی نہیں کرنا چاہے۔"
ای سی آئی نے مزید کہا کہ پچھلے انتخابات (بشمول مئی کے لوک سبھا انتخابات) میں سیاسی لیڈروں اور پارٹی کارکنوں کو ووٹنگ سے عین قبل حراست میں لینے کے الزامات تھے۔
سابق وزیر اعلیٰ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے عام انتخابات کے دوران خدشات کا اظہار کیا تھا اور یہ دعویٰ کیا تھا کہ ان کی پارٹی کے کارکنوں اور پولنگ ایجنٹس کو حراست میں لے لیا گیا تھا، جس سے ان کی شرکت میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔