گاندربل:ہفتہ کو ہونے والی تازہ برفباری کے بعد ذو جیلا سڑک پر پھسلن شروع ہونے کے باعث تقریباً 50 چھوٹی اور بڑی گاڑیاں درماندہ ہو گئیں۔ رات دیر تک جاری رہنے والی کوششوں کے بعد چھوٹی گاڑیوں میں موجود سیاحوں کو بحفاظت سونمرگ پہنچایا گیا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق سنیچر کی دوپہر کے بعد سونہ مرگ، زوجیلا، منی مرگ اور گومری میں تازہ برفباری شروع ہوئی۔ سونہ مرگ میں تعینات ڈی ٹی آئی سید جعفر نے بتایا کہ جب زیر و پوائنٹ ذو جیلا سے سیاحوں کو لے کر گاڑیاں سونہ مرگ کی جانب واپس آرہی تھیں ، تو اس دوران ذو جیلا پر ایک فوجی گاڑی خراب ہو گئی، جس کے نتیجے میں لداخ کی جانب جانے والی مال بردار گاڑیاں اور زیرو پوائنٹ سے سو نہ مرگ آنے والی چھوٹی گاڑیوں کی آمد ورفت معطل ہو گئی۔