بارہمولہ:مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں وکشمیر میں پولیس انتظامیہ کی جانب سے بڑے پیمانے پر منشیات مخالف مہم چلائی جا رہی ہے۔اس مہم کے تحت منشیات کے عادی لوگوں اور اس پیشے سے منسلک افراد کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔
شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ڈرگ فری بارہمولہ مہم کے تحت اور جنوری 2023 سے منشیات کی لعنت کے خلاف اپنی کارروائی جاری رکھتے ہوئے، پولیس نے NDPS ایکٹ کے تحت 375 مقدمات درج کیے ہیں، 651 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے جن میں 122 سخت گیر منشیات فروش شامل ہیں جن کے خلاف PITNDPS کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس نے تقریباً 86.5 کروڑ روپے کا ممنوعہ سامان بھی ضبط کیا ہے۔پولیس نے 20 بدنام زمانہ منشیات فروشوں کی 10 کروڑ مالیت کی غیر قانونی منشیات کی جائیدادیں بھی ضبط کی ہیں جن میں رہائشی مکانات، شاپنگ کمپلیکس، گاڑیاں اور زمینی پلاٹ شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پلوامہ میں کدل فاؤنڈیشن کی جانب سے منشیات مخالف ریلی کا انعقاد
بارہمولہ پولیس کمیونٹی ممبران سے درخواست کرتی ہے کہ وہ اپنے پڑوس میں منشیات کی فروخت سے متعلق کسی بھی معلومات کو پولیس تک پہنچانے کی کوشش کریں۔ منشیات فروشی میں ملوث پائے جانے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔