ترال (شبیر بٹ):وادی میں لمبے وقت سے بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے پینے کے پانی ایک بڑا مسئلہ بن گیا ہے۔ جنوبی کشمیر کے سب ضلع ترال میں پینے کے پانی کی قلت کی وجہ سے درجنوں دیہات میں لوگ پانی کی ایک ایک بوند کو ترس رہے ہیں تاہم متعلقہ ذمہ داراں عوامی شکایات کا ازالہ کرنے میں یکسر ناکام نظر آرہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سٹیزن کونسل ترال کے چیرمین فاروق احمد ترالی نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات چیت میں کیا۔
انہوں نے بتایا کہ فی الوقت ترال علاقے میں پانی کی قلت سنگین صورت حال اختیار کر چکی ہے اور حد تو یہ ہے کہ مساجد میں وضو کے لیے پانی دستیاب نہیں ہے۔ اسے صورت حال کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ فاروق ترالی نے بتایا کہ عوام نے طویل وقت کے بعد یہاں ایک عوامی حکومت کا انتخاب کیا تھا اور اپنے نمائندوں کو ووٹ دے کر اسمبلی بھیجا تھا تاکہ ان کے بنیادی مسائل کا ازالہ ہوتا لیکن بدقسمتی سے اقتدار کی مسند پر سوار ہونے کے بعد ہی سیاست دانوں نے عوامی مسائل کو نظر انداز کر دیا اور وہ اپنے منشور کو عملی جامہ پہنانے میں یکسر ناکام نظر آرہے ہیں۔