اننت ناگ (جموں کشمیر) :قریب نصف صدی تک کانگریس سے وابستہ رہنے کے بعد کانگریس سے علیحدہ ہوئے جموں کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی بٹ (آزاد) کا دعویٰ ہے کہ این ڈے اے (بی جے پی اتحاد) کا زیادہ تر مقابلہ کانگریس کے بجائے علاقائی جماعتوں کے ساتھ ہے۔ آزاد نے ان باتوں کا اظہار جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں ایک ریلی کے دوران عوام سے خطاب کے دوران کیا۔ کانگریس سے علیحدہ ہوئے غلام نبی آزاد نے ڈیموکریٹک پراگریسیو آزاد پارٹی (ڈی پی اے پی) نامی ایک نئی سیاسی جماعت کی بنیاد ڈالی۔ تاہم انہوں نے آنے والے لوک سبھا انتخابات میں از خود الیکشن لڑنے کے بجائے پارٹی کے دیگر افراد کو منڈیٹ دیا، جن کے لئے وہ ان دنوں ریلیز کا اہتمام کر رہے ہیں۔
جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں ڈی پی اے پی کی جانب سے الیکشن ریلی کا اہتمام کیا گیا جس میں پارٹی کے دیگر لیڈران سمیت غلام نبی آزاد نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے ریلی کے دوران دعویٰ کیا کہ انہوں نے اپنی اولاد کے بجائے پارٹی سے وابستہ غریب کنبوں سے تعلق رکھنے والے پڑھے لکھے افراد کو ہی ترجیح دی۔ آزاد نے کہا: ’’میں نے اصرار کے باوجود اپنی دختر یا فرزند کو منڈیٹ نہیں دیا بلکہ پارٹی سے وابستہ پڑھے لکھے نوجوانوں کو اس وجہ سے ترجیح دی، کیونکہ میں خود بھی عام کشمیریوں کی طرح خاندانی راج سے تنگ آچکا ہوں۔‘‘