جموں: ڈوڈہ کے جنگلات میں منگل کو عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان گولی باری کے بعد بدھ کو ڈوڈہ کے جنگلات میں تلاشی آپریشن دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔
ایک اعلیٰ اہلکار نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ منگل کو ڈوڈہ کے جنگلاتی علاقے میں عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان تصادم ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دو گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے بعد تلاشی مہم شروع کی گئی جسے رات گئے روک دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ چھپے ہوئے عسکریت پسندوں کا سراغ لگانے کے لیے بدھ کو علاقے میں وسیع پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی گئی ہے۔
واضح رہے جموں صوبے میں عسکریت پسندوں کی سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں۔ جموں صوبے میں پیر کو عسکریت پسندوں نے کٹھوعہ ضلع میں فوج کی دو گاڑیوں پر حملہ کیا جس میں 5 فوجی ہلاک اور 5 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ عسکریت پسندوں نے ایم فور اسالٹ رائفل اور گرینیڈ کا استعمال کیا تھا۔