شوپیاں (جموں کشمیر) :جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں گورنمنٹ مڈل اسکول بالا بوہری ہالن کی عمارت انتہائی خستہ ہو چکی ہے۔ بارشوں کے دوران چھت سے پانی ٹپکنے کی وجہ سے طلباء کو بار بار گھر واپس بھیجنا پڑتا ہے، جس سے والدین اپنے بچوں کے مستقبل کے تئیں کافی فکر مند ہیں۔ وہیں خستہ حال عمارت طلباء کی جانوں کے لیے سنگین خطرہ بھی بن چکی ہے۔
اسکول کی عمارت میں جگہ جگہ دراڑیں پڑ گئی ہیں وہیں اسکول کے صحن میں موجود دو دیودار کے درخت بھی تقریباً سوکھ چکے ہیں جو کسی بھی وقت گر کر بڑے حادثے کا موجب بن سکتے ہیں۔ طلبہ کا کہنا ہے کہ درخت طویل عرصہ قبل سوکھ چکے ہیں اور انہیں فوری طور پر کاٹ کر طلبہ کی زندگی کو محفوظ بنایا جانا چاہئے۔ طلبہ نے حکام سے فوری طور پر جدید عمارت تعمیر کیے جانے کی اپیل کی ہے۔