سری نگر: گھنی دھند کی وجہ سے سری نگر ایئرپورٹ سے آج تمام پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ ایئرپورٹ اتھارٹی نے کہا کہ گھنی دھند کی وجہ سے طیاروں کے اڑان بھرنے کے لیے حد نگاہ بہت کم تھی، جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ سری نگر ایئرپورٹ کے ڈائریکٹر جاوید انجم نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ آج کے لیے تمام طے شدہ پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں کیونکہ دھند کی وجہ سے طیاروں کا اترنا یا ٹیک آف کرنا ناممکن ہو گیا ہے۔
آج 50 سے زیادہ پروازوں کےلئے شیڈول کیا گیا تھا جبکہ سیکڑوں مسافر سری نگر سے دہلی اور دیگر شہروں کے لیے روانہ ہونے یا پہنچنے کا ارادہ کر رہے تھے۔ ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ مسافرین کو پروازوں کی منسوخی کی وجوہات سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ہفتہ کو 63 پروازوں میں 11,169 مسافر ہوائی اڈے سے پہنچے یا روانہ ہوئے۔ 31 پروازوں میں 5,337 مسافر پہنچے اور 32 پروازوں میں 5,832 مسافر روانہ ہوئے۔