بڈگام (جموں کشمیر) :ڈی سی بڈگام اکشے لابرو نے ایس ڈی ایم آفس، خانصاحب میں ایک اہم ریونیو میٹنگ کی صدارت کی جس میں نزدیکی گاؤں کے عوامی وفود سے ملاقات کی۔ ڈی سی نے لوگوں کے مطالبات کو سنا اور ان کو یقین دلایا کہ حقیقی اور اہم مطالبات کو جلد ہی پور کیا جائے گا۔ بعدازاں ڈی سی بڈگام گاؤں فریستوار، شالنار، ہنگو، فریستلاب اور ملحقہ دیہات کے مقامی لوگوں سے ملاقی ہوئے جنہوں نے ڈی سی کے سامنے اپنی تجاویز اور مطالبات پیش کیے۔ ڈی سی بڈگام کا مقامی باشندوں نے ڈھول نگاڑے بجا کر استقبال کیا اور کہا کہ اس سے قبل ان کے علاقے میں انتظامیہ کا کوئی بھی اعلیٰ افسر حاضر نہیں ہوا ہے۔
یہاں پر جمع لوگوں کو ای وی ایم (الیکٹرانک ووٹنگ مشین) کو استعمال کرنے، اور اپنا ووٹ ڈالنے کا عملی مظاہرہ سکھایا گیا۔ مقامی لوگوں کی شکایات سننے کے بعد، ڈی سی نے یقین دلایا کہ ان کے تمام حقیقی مطالبات کو متعلقہ حلقوں کے ساتھ فوری ازالے کے لیے شیئر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں کے مطالبے کے مطابق ضلع انتظامیہ مویشیوں کے لیے سات روزہ ویٹرنری کیمپ کا انعقاد کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ موبائل ویٹرنری سیٹ اپ کے دوران، ڈاکٹروں کی ایک ٹیم ان گاؤں کے مویشیوں کی صحت کی جانچ کرے گی اور ان کے مویشیوں کے لیے ضروری ادویات اور چارے کی سہولت فراہم کرے گی۔