اننت ناگ (جموں کشمیر) : آنے والے لوک سبھا انتخابات کے لئے ووٹرز کو بیدار کرنے اور جمہوری عمل میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شرکت کو یقینی بنانے کی ایک کوشش کے تحت ’’یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس‘‘ نے جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں سویپ (سسٹمیٹک ووٹرز ایجوکیشن اینڈ الیکٹورل پارٹیسیپیشن) کے تحت ایک سائیکل ریس کا اہتمام کیا۔
سائیکل ریس میں اننت ناگ کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے جواں سال سائیکل سواروں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اس پروگرام کے ذریعے لوگوں کو ووٹ کی اہمیت و افادیت اور جمہوری عمل میں حصہ داری کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ سائیکل ریس کی رہنمائی نوڈل افسر اننت ناگ نے کی۔ اس موقع پر نوڈل آفیسر نے کہا کہ سویپ پروگرام کے زیراہتمام منعقد ہونے والی یہ تقریب اسپورٹس مین شپ کی ایک اچھی مثال ہے، اپنے نوجوانوں کو با اختیار بنانے اور جمہوری اقدار کو فروغ دینے کے لئے یہ ایک انوکھی پہل ہے جس سے انتخابی عمل میں شہریوں، خاص طور پر متحرک نوجوانوں کو جمہوری عمل میں شامل کرنے کو بھرپور مدد ملے گی۔