پونچھ (جموں کشمیر) :سرحدی ضلع پونچھ کے تحصیل منڈی علاقے کے دور دراز اور پسماندہ گاؤں اڑائی میں سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی 38 بٹالین کے زیر اہتمام ایک مفت طبی کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔ طبی کیمپ میں اڑائی سمیت ملحقہ دیہات سے آئے درجنوں افراد کا طبی معائنہ کیا گیا۔ کیمپ میں موجود سی آر پی ایف کے ماہر ڈاکٹروں نے مریضوں کو طبی مشوروں سے بھی نوازا جبکہ مریضوں کو ادویات بھی مفت فراہم کی گئی۔
محمد اسلم تانترے نامی ایک مقامی سابق سرپنچ نے بتایا کہ ٹھنڈ کے باوجود سینکڑوں افراد میڈکل کیمپ میں طبی معائینہ کی غرض سے حاضر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ تیز ہواؤں کے باوجود مریضوں نے قطاروں میں اپنی باری کا انتظار کیا جن میں بزرگ، بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہا کہ اس طرح کے کیمپس سے غریب عوام کو کافی حد تک راحت پہنچتی ہے، سابق سرپنچ نے مستقبل میں بھی اس طرح کے مزید کیمپس کے انعقاد کی امید ظاہر کی۔