سرینگر (جموں کشمیر) :اسمبلی انتخابات میں نیشنل کانفرنس (این سی) اور کانگریس کے درمیان اتحاد کے اعلان کے بعد پردیش کانگریس کمیٹی کی اعلیٰ قیادت اپنے امیدواروں سے متعلق سرینگر کے ایک نجی ہوٹل میں اسکریننگ کمیٹی کی میٹنگ منعقد کر رہی ہے تاکہ نیشنل کانفرنس کے ساتھ سیٹوں کی تقسیم پر ناراض پارٹی لیڈروں کے خدشات کو دور کیا جا سکے۔
جب سے کانگریس اور این سی کے درمیان اتحاد کا اعلان ہوا ہے، کانگریس پارٹی کے کئی رہنماؤں میں ناراضگی ہے۔ چند روزقبل کانگریس کے ایک سینئر رہنما اور جزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی اور پارٹی کے قومی صدر ملکارجن کھرگے جموں وکشمیر کے دو روزہ دورے پر تھے۔ جس دوران پارٹی ہائی کمان خاص طور پر راہل گاندھی سے جموں و کشمیر کے چند کانگریس رہنماؤں نے شکایت کی تھی کہ ’’این سی کے ساتھ سیٹ شیئرنگ کے دوران پارٹی کے کارکنوں کے مفادات کو خاطر میں نہیں لایا جا رہا ہے اور انہیں اہمیت بھی نہیں دی جارہی ہے۔‘‘