اردو

urdu

ETV Bharat / jammu-and-kashmir

الیکشن میں ناکامی کے لیے کون ذمہ دار؟ کانگریس لیڈر نے کیا خلاصہ

سینئر کانگریس لیڈر محمد انور بٹ نے ہائی کمانڈ سے حالیہ الیکشن میں کانگریس کی ہار کا محاسبہ لینے کی اپیل کی۔

By ETV Bharat Urdu Team

Published : 5 hours ago

Updated : 4 hours ago

سینئر کانگریس لیڈر محمد انور بٹ کے ساتھ خصوصی بات چیت
سینئر کانگریس لیڈر محمد انور بٹ کے ساتھ خصوصی بات چیت (ETV Bharat)

سرینگر (جموں کشمیر) :انڈین نیشنل کانگریس کے سینئر نائب صدر جموں و کشمیر محمد انور بٹ نے کانگریس پارٹی کی الیکشن میں ناکامی کے حوالے سے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے سید عادل مشتاق کے ساتھ خصوصی گفتگو کے دوران پارٹی پارٹی کے ہی چند عہدیداروں کو مورد الزام ٹھہرایا۔ انور کے مطابق ’’اپنوں کی وجہ سے ہی پارٹی کو جموں وکشمیر کے اسمبلی انتخابات میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔‘‘

سینئر کانگریس لیڈر محمد انور بٹ کے ساتھ خصوصی بات چیت (ETV Bharat)

وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور جموں کشمیر اسمبلی کے بعض کابینہ وزراء کی حلف برداری تقریب سے کانگریس کی دوری برقرار رکھے جانے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں محمد انور بٹ نے کہا: ’’در اصل پس پردہ بات دوسری ہے، چھ سیٹیں جیتنے والے (کانگریس لیڈران) چالیس سیٹوں کے مالک کے ساتھ خود کا موازنہ کر رہے ہیں اور اپنی مرضی کے قلمدان کا مطالبہ کر رہے ہیں۔‘‘ یاد رہے کہ ایس کے آئی سی سی، سرینگر میں ہوئی حلف برداری تقریب میں شرکت نہ کرنے پر جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق حمید قرہ نے کہا تھا: ’’کانگریس پارٹی فی الحال نئی تشکیل شدہ حکومت کی کابینہ میں شامل نہیں ہو رہی ہے کیونکہ مرکزی سرکار کے بار بار وعدوں کے باوجود ابھی تک جموں کشمیر کو ریاست کا درجہ نہیں دیا گیا ہے۔‘‘

کانگریس کے سینئر نائب صدر محمد انور بٹ نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ’’جموں و کشمیر میں پارٹی لیڈران انتخابی مہم کے دوران لوگوں کا اعتماد جیتنے میں ناکام رہے اور اس کی وجہ سے کانگریس پارٹی اسمبلی انتخابات میں 35 میں سے صرف 6 سیٹیں حاصل کرسکی۔‘‘ محمد انور نے منڈیٹ کی تقسیم کو بھی کانگریس کی ناکامی کا سبب قرار دیا۔

انور نے کہا: ’’صرف چند سیٹوں کے ساتھ ہم نیشنل کانفرنس سے کیا مطالبہ کر سکتے ہیں؟ اس لیے کابینہ سے باہر ہونا ہی بہتر ہے۔‘‘ انہوں نے کہا: ’’انڈین نیشنل کانگریس جموں و کشمیر میں کچھ لیڈروں کی وجہ سے اپنی پہچان کھو رہی ہے جو اپنے ذاتی مفادات کے لئے انڈین نیشنل کانگریس میں ہیں۔‘‘

یہ بھی پڑھیں:وزیر بننے کا خواب دیکھا تھا، ڈپٹی چیف منسٹر کا نہیں: سریندر چودھری

Last Updated : 4 hours ago

ABOUT THE AUTHOR

...view details