بارہمولہ: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے رفیع آباد کے واڈورہ میں کانگریس کی جانب سے ایک روزہ پارٹی کنونشن منعقد کیا گیا۔ اس کنونشن میں واڈورہ کے ساتھ ساتھ دیگر علاقوں سے آئے لوگوں، پارٹی لیڈران و کارکنان نے شرکت کی۔ کنونشن کے دوران پارٹی لیڈران نے کارکنان پر عوامی رابطہ مہم کو تیز کرنے اور پارٹی کو بنیادی سطح پر مضبوط بنانے پر زور دیا۔
اس موقعے پر کانگریس کے سینئر رہنما الطاف ملک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں لوگوں کو ان گنت مسائل درپیش ہیں، جن کا ازالہ صرف ایک عوامی منتخب حکومت ہی کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران عوام کی مشکلات کافی بڑھ گئی ہیں کیونکہ جو ہمارے پاس تھا وہ سب بی جے پی نے چھین لیا۔ دن بہ دن کشمیری لوگوں کی پریشانیوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ الطاف ملک نے کہا کہ اگر دیگر ریاستوں میں انتخابات وقت پر منعقد ہوتے ہیں تو کشمیر میں کیوں نہیں ہو سکتے۔ جموں کشمیر میں بھی انتخابات ہونے چاہیے اور یہاں پر بھی عوامی سرکار ہونی چاہیے۔